وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا جرمنی کا سرکاری دورہ مکمل

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا جرمنی کا سرکاری دورہ مکمل

اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے جرمن وزیر خارجہ اینالینا بیئربوک کی دعوت پر 6اور 7 اکتوبر2022 کو جرمنی کا سرکاری دورہ کیا۔

دفتر خارجہ کی جانب جاری اعلامیہ کے مطابق برلن میں اپنے قیام کے دوران وزیر خارجہ نے اپنی جرمن ہم منصب سے وفود کی سطح پر بات چیت کی۔ دونوں رہنمائوں نے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا اور مشترکہ دلچسپی، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کی جرمنی کے ساتھ دوستی اور تعاون کے دیرینہ تعلقا ت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کثیر جہتی دوطرفہ تعاون بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور توانائی کے شعبوں میں اشتراک کار کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔

وزیر خارجہ نے سیلاب کی امدادی کوششوں میں خاطر خواہ تعاون پر جرمنی سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں آنے والے سیلاب سے ہونے والی تباہ کن تباہی نے موسمیاتی تبدیلی اور غذائی تحفظ جیسے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت کو اجاگر کیا ہے۔

انہوں نے وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی جس میں دو طرفہ تعاون سے لے کر غیر قانونی بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر اور افغانستان سمیت علاقائی اور عالمی مسائل سطح کے تمام مسائل کا احاطہ کیا گیا۔ اس موقع پر جرمنی نے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے اضافی 10 ملین یورو کی فراہمی کا اعلان بھی کیا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے جرمن پارلیمنٹ کے ایوان بالا کے صدر بوڈو رامیلو سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے پارلیمانی تبادلوں کے فروغ ، پاکستان میں سیلاب متاثرین کو امداد پہنچانے، افغانستان کی صورتحال اور پاکستان کے جی ایس پی پلس سٹیٹس کے لیے جرمنی کی مسلسل حمایت پر تبادلہ خیال بھی کیا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے برلن میں پاکستانی سفارت خانے میں ڈیجیٹل ٹورازم کارنر کا افتتاح کرتے ہوئے پاکستان کے سیاحتی مقامات اور بھرپور ثقافتی ورثے کی نمائش کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال کی صلاحیت کو بھی اجاگر کیا۔