وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا دورہ ماسکو دوطرفہ تعلقات کو مضبوط ، تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگا، تاجر رہنمامہر کاشف یونس

158
مہر کاشف یونس

لاہور۔1فروری (اے پی پی):کرغزستان ٹریڈ ہائو س کے چیئرمین اور وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر مہر کاشف یونس نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے دورہ ماسکو سے نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان موجودہ دوطرفہ تعلقات مضبوط ہوں گے بلکہ یہ دو طرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔ بدھ کو فاران شاہد کی قیادت میں صنعتکاروں اور تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے مہر کاشف یونس نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے دورے کے دوران روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے ساتھ وفود کی سطح پر نتیجہ خیز بات چیت کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت تجارتی اور اقتصادی تعلقات پر خصوصی توجہ دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں علاقائی اقتصادی تعاون کا قابل عمل جدید تصور عالمگیریت کی جگہ لے رہا ہے۔ مہر کاشف یونس( جو سٹریٹجک تھنک ٹینک گولڈ رنگ اکنامک فورم کے نائب صدر بھی ہیں)نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کثیر جہتی تعاون کے تناظر میں یہ دورہ اچھا شگون ہے، فریقین نے تجارت اور توانائی سمیت تعلیم، ثقافت، سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، یہ دورہ وسطی ایشیائی ریاستوں بالخصوص کرغزستان سمیت روسی منڈیوں میں تجارتی مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے عزم کو تحریک فراہم کرے گا۔

اس موقع پر کرغزستان ٹریڈ ہائو س کے صدر ڈاکٹر شاہد حسن نے کہا کہ سرکاری و نجی شعبے اور حکومتی سطح پر وفود کے متواتر تبادلوں سے دونوں ممالک کے درآمد و برآمد کنندگان کے درمیان اعتماد سازی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اشد ضروری ہے کہ غذائی عدم تحفظ کے منڈلاتے ہوئے خطرات کو دور کرنے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کو روکنے کے لیے ایس سی او رکن ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کے لیے علاقائی روابط کو بہتر بنانے پر بھی توجہ مرکوز کی جائے۔

ڈاکٹر شاہد نے کہا کہ معاشی استحکام کے لیے پورے خطے خاص طور پر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن خطے انتہائی ضروری ہے۔ علاقائی سٹیک ہولڈرز کے درمیان قریبی رابطے اور تعاون سے خطے میں دہشت گردی کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی۔