وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی امریکی ہم منصب سےگفتگو، سیلاب سے تباہی اور متاثرہ علاقوں کی بحالی پر تبادلہ خیال

بلاول بھٹو

اسلام آباد۔21دسمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے امریکی وزیر خارجہ انٹونی جے بلنکن سےپاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی اور متاثرہ علاقوں کی بحالی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ بدھ کو ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں وزرا خارجہ نے گزشتہ روز ہونے والی گفتگومیں دو طرفہ تعلقات، افغانستان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بیان کے مطابق دونوں اطراف نے دوطرفہ تعلقات کے مثبت انداز پر اطمینان کا اظہار کیا اور وسیع البنیاد ایجنڈے پر عمل پیرا ہونے کی باہمی خواہش کا اعادہ کیا۔

وزیر خارجہ نے بلاول بھٹو زرداری پاکستان میں سیلاب کے بعد 97 ملین ڈالر کی انسانی امداد فراہم کرنے پر امریکی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امریکی وزیر خارجہ انٹونی جے بلنکن کو پاکستان کی طرف سے بحالی اور متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو کے لیے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے امریکی وزیر خارجہ کو 9 جنوری 2023 کو جنیوا میں پاکستان کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے کی جانے والی کوششوں میں تعاون کے لیے منعقد ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس بارے بھی آگاہ کیا۔ امریکی وزیر خارجہ نے اس موقع پر پاکستان کو سیلاب متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو کے چیلنج کا سامنا کرنے میں امریکی انتظامیہ کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔