وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی سنگاپور کے وزیر خارجہ سے نوم پنہ میں ملاقات

بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے جمعرات کو نوم پنہ میں 29 ویں آسیان ریجنل فورم کے وزارتی اجلاس کے موقع پر سنگاپور کے ہم منصب ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن سے ملاقات کی۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں وزراء خارجہ نے پاکستان اور سنگاپور کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور دوطرفہ بات چیت اور تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔

انہوں نے باہمی دلچسپی کے عالمی اور علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیر خارجہ ویوین بالاکرشنن نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خارجہ نے سنگاپور کے ترقیاتی ماڈل کو پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک کے لئے قابل تقلید قرار دیا۔ وزیر خارجہ نے سنگاپور کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کی اہمیت پر زور دیا جو آسیان ریجنل فورم میں کلیدی شراکت دار ہے۔ انہوں نے آسیان کے ساتھ اپنے تعاون کو بڑھانے کے لئے پاکستان کی گہری خواہش کا بھی اظہار کیا۔

دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے باقاعدہ تبادلوں کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے دونوں وزراء خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کی رفتار کو برقرار رکھنے کے لئے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔