وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی مصرکے وزیر خارجہ سے ملاقات

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی مصرکے وزیر خارجہ سے ملاقات

اسلام آباد۔25ستمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مصرکے وزیر خارجہ سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت، دفاع، انسداد دہشت گردی، تعلیم، ثقافت اور سیاحت سے متعلق تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

اتوار کو دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عرب جمہوریہ مصر کے وزیر خارجہ سامع حسن شکری سے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے موقع پر دو طرفہ ملاقات کی۔ دونوں وزرا ئے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا اور دو طرفہ سیاسی وفود کے تبادلوں کی تعداد کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے تجارت، دفاع، انسداد دہشت گردی، تعلیم، ثقافت اور سیاحت سے متعلق تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

دونوں رہنما ئوں نے افغانستان اور خطے میں ہونے والی اہم پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے سفارتی ذرائع سے تنازعات اور مسائل کے پرامن حل تلاش کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیر خارجہ نے عالمی ماحولیات کے حوالے سے کوپ۔ 27 موسمیاتی تبدیلی کانفرنس کے چیئرمین کی حیثیت سے مصر کو پاکستان کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اعلی سطح پر شرکت کر کے کانفرنس کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کرے گا اور چین اور گروپ۔77 کے موجودہ سربراہ کی حیثیت سے ترقی پذیر ممالک کے خیالات کو اپنی صلاحیت کے مطابق پیش کرے گا۔ پاکستان اور مصر کے درمیان بہترین برادرانہ تعلقات ہیں جن کی بنیاد مشترکہ ورثے اور نظریات کی یکسانیت پرہے۔ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر قریبی تعاون ہے ۔