وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی نیویارک میں گول میز کانفرنس میں شرکت

116

نیویارک۔22ستمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس کے موقع پر CoP-27 کی گول میز کانفرنس میں شرکت کی۔

دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی تمام اقوام اور لوگوں کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے، اس کے مضمرات واضح اور شدید ہوتے جا رہے ہیں جس کا اظہار پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب سے ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر گرین ہائوس گیسوں کے اخراج میں کم سے کم حصہ کے باوجود پاکستان کو گرمی کی لہروں، برفانی طوفانوں، خشک سالی، طوفانی بارشوں اور شدید مون سون کی صورت میں قدرتی آفات کا سامنا ہے جس کے نتیجے میں پاکستان کو انسانی جانوں کے ضیاع کے علاوہ معاشی نقصان کا سامنا ہے۔

وزیر خارجہ نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے جانی اور معیشت کو نقصانات کے ساتھ ساتھ اہم انفراسٹرکچر کو بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کو 30 ارب ڈالر سے زیادہ کا نقصان ہوا ہے۔

وزیر خارجہ نے ماہ رواں کے اوائل میں پاکستان سے اظہار یکجہتی کے لیے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے دورہ پاکستان پر ان کا شکریہ ادا کیا اور مختلف ممالک کے رہنمائوں کی جانب سے ملاقات کے دوران اظہار کردہ جذبات کو سراہا۔