نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے چین کے شہر شنگھائی کا اپنا دو روزہ دورہ مکمل کرلیا۔ دورے کے دوران نائب وزیراعظم نے پاکستان کی جانب سے ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کوآپریشن آرگنائزیشن کے قیام کے معاہدے پر دستخط کیے۔ اس معاہدے پر مجموعی طور پر 29 ممالک نے دستخط کیے ہیں۔
وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے چین کا دو روزہ دورہ مکمل کرلیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔17جولائی (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے چین کے شہر شنگھائی کا اپنا دو روزہ دورہ مکمل کرلیا۔ دورے کے دوران نائب وزیراعظم نے پاکستان کی جانب سے ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کوآپریشن آرگنائزیشن کے قیام کے معاہدے پر دستخط کیے۔ اس معاہدے پر مجموعی طور پر 29 ممالک نے دستخط کیے ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان تنظیم کے بانی اراکین میں شامل ہے جو مصنوعی ذہانت کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون، استعداد کار میں اضافے اور ڈیجیٹل تقسیم کو کم کرنے کے لیے ایک اہم عالمی پلیٹ فارم ہے۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب سے قبل چینی صدر شی جن پنگ نے شریک وفود کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔ نائب وزیراعظم نے ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کی جس کا افتتاح صدر شی جن پنگ نے کیا۔ دورے کے دوران نائب وزیراعظم نے چین کے وزیر خارجہ وانگ ای سے دوطرفہ ملاقات بھی کی۔ ملاقات میں سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے مصنوعی ذہانت اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز تک مساوی رسائی کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں رہنمائوں نے پاک-چین دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا کہ ٹیکنالوجی میں ترقی کو پائیدار ترقی سمیت ترقی پذیر ممالک کی سماجی و اقتصادی خوشحالی کے فروغ کا ذریعہ بننا چاہیے۔
سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کانفرنس کے موقع پر مختلف ممالک کے ہم منصب وزرائے خارجہ اور دیگر اعلیٰ شخصیات سے بھی ملاقاتیں کیں جن میں دوطرفہ اور کثیرالجہتی امور سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ توقع ہے کہ یہ دورہ مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل معیشت اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں پاکستان اور چین کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ ان شعبوں میں عالمی تعاون کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔








