اسلام آباد ۔ 12 اپریل (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سبکدوش ہونے والی سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کی بے مثال خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہمینہ جنجوعہ بالخصوص پاکستانی خواتین کیلئے ایک مثال ہیں، بااصول اور باصلاحیت سیکرٹری خارجہ رہیں، پاکستان اور ادارے کیلئے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو یہاں …
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سبکدوش ہونے والی سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کی بے مثال خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 12 اپریل (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سبکدوش ہونے والی سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کی بے مثال خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہمینہ جنجوعہ بالخصوص پاکستانی خواتین کیلئے ایک مثال ہیں، بااصول اور باصلاحیت سیکرٹری خارجہ رہیں، پاکستان اور ادارے کیلئے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو یہاں وزارت خارجہ میں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کے اعزاز میں ایک الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ الوداعی تقریب میں اسلام آباد میں تعینات غیر ملکی سفیروں، وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ 14 اپریل کو اپنی مدت ملازمت مکمل کرکے ریٹائر ہو رہی ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ایسا معاشرہ جہاں مرودوں کا غلبہ ہو وہاں خواتین کا آواز بلند کرنا اور اعلیٰ عہدوں پر فائز ہونا آسان کام نہیں لیکن سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے اپنے 30 سالہ کیریئر میں ملک و قوم کیلئے شاندار خدمات انجام دیتے ہوئے خواتین کیلئے ایک مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو گزشتہ چند ماہ سے کئی چیلنجوں کا سامنا تھا لیکن ان کی بہترین کاوشوں سے موثر انداز میں نمٹا گیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ تہمینہ جنجوعہ اپنے کام کے ساتھ انتہائی مخلص رہیں، ان کی کمی شدت سے محسوس کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ادارے کیلئے خدمات پر تہمینہ جنجوعہ کو سلام پیش کرتا ہوں۔ الوداعی تقریب سے تہمینہ جنجوعہ نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے تعاون پر وزیر خارجہ اور وزارت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میں نے جو کچھ بھی کیا وہ ملک و قوم کے مفاد میں کیا ہے۔








