وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا افغان ہم منصب محمد حنیف آتمر کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ،افغان امن عمل سمیت خطے میں امن و استحکام کیلئے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق

اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):پاکستان اور افغانستان نےافغان امن عمل سمیت خطے میں امن و استحکام کیلئے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پیر کو افغان ہم منصب محمد حنیف آتمر کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا۔بات چیت کے دوران دو طرفہ تعلقات، افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے سرحدی علاقے میں تجارت کے حجم میں اضافے کیلئے وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر بارڈر مارکیٹ کے قیام کیلئے پرعزم ہیں۔وزیر خارجہ نے اس دو طرفہ معاہدے کے مسودے کو جلد حتمی شکل دینے کی ضرورت پر زور دیااور کہا کہ پاکستان، شروع سے افغان مسئلے کے پر امن، جامع اور دیرپا حل کا حامی ہے۔ پاکستان نے امریکہ اور طالبان کے مابین امن معاہدے کے حوالے سے مشترکہ ذمہ داری کے تحت مصالحانہ کردار ادا کیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، بین الافغان مذاکرات کے انعقاد کو افغانستان میں دیرپا امن کیلئے ایک نادر موقع تصور کرتا ہے۔بین الافغان مذاکرات کا نتیجہ خیز ہونا خطے میں امن و استحکام کیلئے ناگزیر ہے۔وزیر خارجہ نے اپنے افعان ہم منصب کے ساتھ، معمولی جرائم کی پاداش میں افغان جیلوں میں قید پاکستانیوں کی جلد رہائی کا معاملہ بھی اٹھایا۔دونوں وزرائے خارجہ کا افغان امن عمل سمیت خطے میں امن و استحکام کیلئے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔