وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا پائیدار امن وسلامتی کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مذاکرہ سے خطاب

نیویارک ۔ 25 ستمبر (اے پی پی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سلامتی بالخصوص دہشت گردی کے ابھرتے خطرات سے نمٹنے کے لئے علاقائی تنظیموں اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون نہایت اہم ہے، پاکستان، عوام پر استبداد اور غیرقانونی قبضے سمیت دہشت گردی کی ہر شکل اور قسم کی مذمت کرتا ہے، ہم نے دہشت گردی کے عفریت کا پوری مستعدی اور بھرپور کامیابی سے قلع …

نیویارک ۔ 25 ستمبر (اے پی پی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سلامتی بالخصوص دہشت گردی کے ابھرتے خطرات سے نمٹنے کے لئے علاقائی تنظیموں اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون نہایت اہم ہے، پاکستان، عوام پر استبداد اور غیرقانونی قبضے سمیت دہشت گردی کی ہر شکل اور قسم کی مذمت کرتا ہے، ہم نے دہشت گردی کے عفریت کا پوری مستعدی اور بھرپور کامیابی سے قلع قمع کیا ہے، دہشت گردی کے پھیلاﺅ میں معاون ثابت ہونے والی بنیادی وجوہات کو دور کیا جانا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ”پائیدار امن وسلامتی کے لئے اقوام متحدہ کا علاقائی اور ذیلی علاقائی تنظیموں کے ساتھ تعاون: سی ایس ٹی او، سی آئی ایس اور ایس سی او کی دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے میں کاوشیں“ کے موضوع پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مذاکرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے روسی فیڈریشن کے وزیرخارجہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے اس وزارتی مذاکراہ کے انعقاد کا اہتمام کیا۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کیلئے بالخصوص دہشت گردی کے ابھرتے خطرات سے نمٹنے میں ان علاقائی تنظیموں اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون نہایت اہم ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ’ ایس سی او‘ رکن ممالک اور اقوام متحدہ کو مورخہ 30 اگست 2019ءکو یو این جی اے میں ”اقوام متحدہ اور شنگھائی تعاون تنظیم کے درمیان تعاون“ کی قرارداد منظور کرنے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں، پاکستان قرارداد پیش کرنے والوں میں شامل تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ قرارداد، 2009ءسے منظور ہونے والی ایسی سابقہ پانچ قراردادوں کی طرح ’ایس سی او‘ اور اقوام متحدہ کے درمیان اشتراک عمل، تعاون اور مذاکرات کے لئے رکھی جانے والی بنیاد کومزید مضبوط بنانے کا باعث ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم یکساں اہداف کے حصول کے لئے ’ایس سی او ‘ اور اقوام متحدہ کی تخصیص رکھنے والی ایجنسیوں، تنظیموں، پروگراموں اور فنڈز کے ساتھ تیزی سے تعاون بڑھانے کی حمایت اور خیرمقدم کرتے ہیں۔

مزید خبریں