وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی برطانوی ہم منصب جیریمی ہنٹ سے ٹیلی فون پر گفتگو

73
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی چین کے سٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ وینگ ژی سے ہوانگ شن میں ملاقات

اسلام آباد ۔ 28 فروری (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ برطانیہ پاک۔بھارت کشیدگی کم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ یہ بات انہوں نے اپنے برطانوی ہم منصب جیریمی ہنٹ سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ نے گزشتہ روز اپنے پاکستانی ہم منصب کو ٹیلی فون کیا۔ بات چیت کے دوران خطہ میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے پلوامہ واقعہ کے بعد ہندوستان کی طرف سے دھمکیوں کے باوجود انہیں ٹھوس شواہد مہیا کرنے اور تحقیقات میں تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطہ میں امن کا خواہاں ہے، وزیراعظم پاکستان عمران خان نے آج بھی ہندوستان کو مذاکرات کی دعوت دی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان صورتحال کو معمول پر لانے کا خواہاں اور بات چیت کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے برطانیہ پر زور دیا کہ وہ پاک۔بھارت کشیدگی کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ قیدی بھارتی ایئر فورس کے پائلٹ کے ساتھ جینوا کنونشن کے مطابق سلوک کیا جائے گا۔ برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ خطہ میں امن و استحکام برطانیہ کےلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ دونوں ممالک کو اپنے مسائل باہمی مذاکرات کے ذریعے حل کرنے چاہئیں۔ دونوں وزراءخارجہ نے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔