اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مسجد اقصٰی پر حملے اور نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کی جارحیت سے پوری امت مسلمہ بالخصوص پاکستانی قوم کی شدید دل آزاری ہوئی ہے، پاکستان، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور عرب ممالک کے امن اقدام کی روشنی میں 1967 سے قبل کی سرحدی صورت حال کے مطابق، ایک قابلِ عمل، آزاد ریاست فلسطین کے قیام کی حمایت جاری رکھے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران کیا۔ اس حوالے سے جمعہ کو مخدوم شاہ محمود قریشی کا سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان فلسطین کی صورتحال اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسجد اقصٰی پر حملے اور نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کی جارحیت سے پوری امت مسلمہ بالخصوص پاکستانی قوم کی شدید دل آزاری ہوئی ہے۔
انہون نے کہا کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے معصوم فلسطینیوں، بالخصوص بچوں پر تشدد کے واقعات، انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہیں۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ دورہ سعودی عرب کے دوران 8 مئی کو جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے میں پاکستان اور سعودی عرب نے فلسطین کے معاملے پر یکساں نقطہ نظر کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، فلسطینیوں کے حق خود ارادیت کی جدوجہد کی حمایت کیلئے پرعزم ہے۔
انہون نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور عرب ممالک کے امن اقدام (عرب پیس انیشی ایٹیو ) کی روشنی میں ، 1967 سے قبل کی سرحدی صورت حال کے مطابق، ایک قابلِ عمل، آزاد ریاست فلسطین کے قیام کی حمایت جاری رکھے گا ۔سعودی وزیر خارجہ نے فلسطین کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے، اس تناظر میں اٹھائے گئے اقدامات سے وزیر خارجہ شاہ مھمود قریشی کو آگاہ کیا۔
وزیر خارجہ نے صورتحال کی نزاکت کے پیش نظر، سعودی عرب کی جانب سے، 16 مئی کو او آئی سی ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے اس ضمن میں پاکستان کی غیرمتزلزل اور بھرپور حمایت کا یقین دلایا ۔
وزیر خارجہ نے وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ دورہ سعودی عرب کے دوران بھرپور میزبانی پر سعودی وزیر خارجہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔ وزیر خارجہ نے آگاہ کیا کہ دورہ سعودی عرب کے بعد، فلسطین کی صورتحال پر وزیر اعظم عمران خان اور سعودی فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ بھی ہوا ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ نے فلسطین کی بدلتی ہوئی صورتحال پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔