اسلام آباد ۔ 19 جولائی (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکہ کے حوالہ سے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کمرشل فلائٹ سے واشنگٹن جائیں گے، عسکری قیادت بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہو گی، امریکی صدر اور وزیراعظم کے درمیان ملاقاتوں کی دو نشستیں ہوں گی۔ جمعہ کو واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکی صدر کی خواہش ہے کہ عمران خان وائٹ ہاﺅس کا دورہ کریں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاﺅس میں وزیراعظم عمران خان کا استقبال کریں گے۔ امریکی صدر کے ساتھ ملاقاتوں کے حوالہ سے وزیر خارجہ نے کہا کہ پہلی نشست اول آفس اور دوسری کیبنٹ روم میں ہو گی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم سے یو ایس پاکستانیز بزنس کونسل کے تاجروں کا وفد بھی ملاقات کرے گا۔ سرکاری مصروفیات کے بعد وزیراعظم عمران خان کیپٹل ون ارینا میں پاکستانی کمیونٹی اور بعد ازاں بزنس سمٹ سے بھی سے خطاب کریں گے۔