وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی وزیراعظم عمران خان اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو

62

نیویارک ۔ 23 ستمبر (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے دوران مسئلہ کشمیر پر دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مقبوضہ وادی میں انسانی المیہ جنم لے چکا ہے، امریکہ سمیت عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں مزید پیچیدہ صورتحال سے بچنے کے لئے فوری طور پر اقدامات کرے، دنیا جان لے امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بھارت ہے، صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ ایران کشیدگی کے خاتمہ کے لئے وزیراعظم عمران خان کے کردار ادا کرنے کی پیشکش قبول کر لی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں وزیراعظم عمران خان اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے دوران تین امور پر بات چیت کی، وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر پر دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے امریکی صدر کو پاکستان کے نکتہ نظر سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں صورتحال انسانی المیہ میں تبدیل ہو چکی ہے، 80 لاکھ لوگ محاصرے میں ہونے کے باعث مقبوضہ وادی کھلی جیل میں تبدیل ہو چکی ہے، وہاں کے لوگوں کے بنیادی انسانی حقوق سلب ہیں، حالات بگڑ چکے ہیں اور ان کے مزید بگڑنے کے امکانات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ سمیت بین الاقوامی برادری کو اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں خون خرابے کے امکانات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن عمل کے لئے پاکستان کا کردار ڈھکا چھپا نہیں، وزیراعظم عمران خان کی امریکی صدر سے ملاقات کے دوران امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے پاکستان کے اس حوالے سے مثبت کردار کی تعریف کی۔