وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کو برطانیہ کے خارجہ، دولت مشترکہ اور ترقیاتی امور کے وزیر لارڈ ڈیوڈ کیمرون کا ٹیلی فون

Foreign Minister
Foreign Minister

اسلام آباد۔25مارچ (اے پی پی):وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کو برطانیہ کے خارجہ، دولت مشترکہ اور ترقیاتی امور کے وزیر لارڈ ڈیوڈ کیمرون نے پیر کو ٹیلی فون کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے بطور وزیر خارجہ تقرری پر مبارکباد کے پیغام پر برطانوی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے برطانیہ کی قیادت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ وزیر خارجہ نے پاکستان اور برطانیہ تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان کثیر الجہتی تعاون کے ساتھ دیرینہ اور تاریخی تعلقات ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ تعلقات کو اگلی سطح تک لے جانے کے لیے بہتر سٹریٹجک پارٹنرشپ (ای ایس پر) معاہدہ جلد کیا جانا چاہئے۔ وزیر خارجہ نے تجارت اور سرمایہ کاری، عوام سے عوام کے رابطوں اور ماحولیات میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر خارجہ نے خاص طور پر برطانیہ میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد کے پیش نظر پاکستان اور برطانیہ کے درمیان پی آئی اے کی پروازوں کو جلد از جلد بحال کرنے کی ضرورت پر زور دیا جس سے روابط کو مزید تقویت ملے گی۔ دونوں وزراء نے افغانستان اور غزہ کی صورتحال سمیت اہم علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے لارڈ کیمرون کو باہمی طور پر مناسب تاریخوں پر دورہ پاکستان کی بھی دعوت دی۔