
اسلام آباد۔19اپریل (اے پی پی):پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے دو طرفہ تجارتی و اقتصادی تعاون کے فروغ، کاروباری وفود کے تبادلے اور اقتصادی روابط بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود شاہ محمود قریشی نے پیر کو ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور، احمد علی الصایغ سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، متحدہ عرب امارات کے ساتھ، دو طرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ،دونوں ممالک کے درمیان یکساں مذہبی، ثقافتی اقدار،ان دو طرفہ مراسم کو مزید مضبوط اور مستحکم بناتی ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستانیوں کی ایک کثیر تعداد، متحدہ عرب امارات میں مقیم ہے اور مختلف شعبہ ہائے زندگی میں اپنی خدمات سر انجام دے رہی ہے ۔
پاکستان نے اپنی جغرافیائی معاشی ترجیحات پر خصوصی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے ۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ہمارے سفارت خانے "معاشی سفارت کاری” کو بروئے کار لا کر بیرونی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں کاروبار کے وسیع تر، میّسر مواقعوں سے متعارف کروا رہے ہیں۔
فریقین نے دو طرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے لئے،پاکستان اور یو اے ای کے درمیان، کاروباری وفود کے تبادلے اور اقتصادی روابط بڑھانے پر اتفاق کیا۔متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور نے متحدہ عرب امارات کی تعمیر و ترقی میں، یہاں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے کردار کی تعریف کی ۔
وزیر خارجہ نے اماراتی وزیر مملکت برائے خارجہ امور، احمد علی الصایغ کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، افغان امن عمل سمیت خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال سے مطلع کیا۔اماراتی وزیر مملکت برائے خارجہ امور، احمد علی الصایغ نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں دو طرفہ تجارت کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے اپنی معاونت کا یقین دلایا۔