نیامے۔28نومبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قرشی نے ہفتہ کو نائجر کے وزیر اعظم برجی رافینی سے ملاقات کی۔ وزیرِ اعظم ہاؤس آمد پر نائیجر کے وزیر اعظم نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔ ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات،مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال اقتصادی و تجارتی تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور نایجر کے مابین دو طرفہ برادرانہ تعلقات ، مذہبی اور تہذیبی ہم آہنگی کی بنیاد پر استوار ہیں ۔وزیر خارجہ نے نائیجر ر میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے سنتالیسویں اجلاس کی میزبانی اور بہترین انتظامات کرنے پر وزیر اعظم نائیجر کو مبارکباد پیش کی۔وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل اور او آئی سی کنٹیکٹ گروپ میں (بطور فعال رکن) کشمیر کے حوالے سے مستقل حمایت پر وزیر اعظم نایجر کا شکریہ ادا کیا۔وزیر خارجہ نے وزیر اعظم نائیجر کو بتایا کہ حکومت پاکستان، نائجر کے سیلاب زدگان کی مدد کے لیے ایک لاکھ بیس ہزار چاولوں کے تھیلے ، خیمے، ادویات اور کمبل بھجوا رہی ہے جو عنقریب نائیجر پہنچ جائے گی ۔وزیر خارجہ نے حکومت پاکستان کی جانب سے نائیجر کے طلباء کیلئے 200 وظائف دینے کا بھی اعلان کیا۔وزیر خارجہ نے نا ئیجر کے باسیوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ” نائیجر پاکستان صحت کاریڈور بنانے کی پیشکش کی” وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، زراعت، آبپاشی، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں نائجر کی معاونت کریگا۔وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے نائجر کے وزیر اعظم کو دورہ ء پاکستان کی دعوت دی جو انہوں نے خوش دلی سے قبول کی۔نائجر کے وزیر اعظم برجی رافینی نے نائجر کی تعمیر و ترقی میں پاکستان کی معاونت پر وزیر اعظم عمران خان اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔