اسلام آباد ۔ 17 مارچ (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی تین روزہ دورے پر چین روانہ ہوگئے۔روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ آج سرکاری دورہ پر چین روانہ ہو رہا ہوں ،چین میں میرے چینی وزیر خارجہ کے ساتھ اسٹریٹیجک ڈائیلاگ ہوں گے اور وزیر خارجہ کی سطح پر پاک چین ڈائیلاگ کا انعقاد پہلی مرتبہ ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ چین نہ صرف پاکستان کا بہترین دوست ہے بلکہ ہر مشکل وقت میں چین نے پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور چین کا حالیہ فیصلہ بھی آپ کے سامنے ہے ،ضرورت اس امر کی تھی کہ آئندہ آنے والے دنوں کے حوالے سے باہمی مشاورت کی جائے اور مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جائے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میری چین کی قیادت سے ملاقاتیں ہونگی ،چین میں تھنک ٹینک گروپ کے ساتھ بھی رابطہ ہوگا اور وہاں میڈیا کے ساتھ بھی گفت و شنید ہو گی۔