اسلام آباد۔25مارچ (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، افغان امن عمل سمیت خطے میں قیام امن کی کاوشوں میں پاکستان اور امریکہ اتحادی ہیں۔یہ بات انہوں نے امریکی ڈیمو کریٹ رہنما طاہر جاوید سے بات چیت کرتے ہوئے کہی،جنہوں نے جمعرات کو وزارتِ خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور امریکہ کے مابین دو طرفہ تعلقات ،معاشی سفارتکاری سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے حکومت پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز ملنے پر طاہر جاوید کو مبارکباد دی اور پاک امریکہ تعلقات میں بہتری کیلئے ان کی کاوشوں کو سراہا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہماری حکومت نے اپنی خصوصی توجہ جغرافیائی معاشی ترجیحات پر مرکوز کر رکھی ہے۔
پاکستان، بیرونی سرمایہ کاروں کو ای ویزہ سمیت اہم کاروباری سہولیات مہیا کر رہا ہے ۔امریکی کمپنیاں ان مراعات سے فائدہ اٹھانے کیلئے پاکستان کے مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کر سکتی ہیں۔ملاقات میں امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کے حوالے سے بھی خصوصی گفتگو کی گئی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ جوبائیڈن انتظامیہ میں اہم عہدوں پر فائز بہت سی شخصیات پاکستان اور خطے کے امور سے آگاہی رکھتی ہیں۔توقع ہے کہ موجودہ امریکی حکومت ، مسئلہ کشمیر کے پرامن حل سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنا موثر کردار ادا کریگی۔
امریکی ڈیموکریٹک رہنما طاہر جاوید نے کہا کہ موجودہ امریکی حکومت کو کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر سخت تشویش ہے- طاہر جاوید نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے،انہیں، پاکستان اور امریکہ کے مابین اقتصادی تعاون کے فروغ کے لئے اپنی بھرپور کاوشیں بروئے کار لانے کا یقین دیا۔