اسلام آباد۔26جنوری (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بدھ کو آذربائیجان ،اردن،قزاخستان اور گنی کے اپنے ہم منصبوں سے ٹیلی فونک رابطے کیئے اور ان سے دو طرفہ تعلقات،افغانستان،مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سمیت علاقائی و بین الاقوامی امور کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے آذربائیجان کے اپنے ہم منصب جیہون بیراموف سے ٹیلی فونک گفتگو کی۔
دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال اور پاکستان اور آزربائیجان کے مابین تجارتی اور اقتصادی روابط بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ نے پاکستان اور آزربائیجان کےمابین توانائی، ریل اور روڈ ٹرانسپورٹ، سیاحت اور کھیلوں کے شعبوں میں نئے مشترکہ ورکنگ گروپس کی تشکیل کا خیرمقدم کیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے اقوام متحدہ اور او آئی سی سمیت علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔
وزیر خارجہ نے آزربائیجان کی جانب سے او آئی سی رابطہ گروپ میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوموں کے جائز اور اصولی مطالبے کی حمایت کو سراہا۔وزیر خارجہ نے 19 دسمبر 2021 کو اسلام آباد میں منعقدہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت پر اپنے ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔
درایں اثنا وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اردن کے اپنے ہم منصب ایمن الصفادی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور اردن کےدرمیان قریبی اور خوشگوار تعلقات ہیں جو مشترکہ عقیدے اور یکساں اقدار کی بنیاد پر استوار ہیں۔
دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔دوران گفتگو دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور اردن کے درمیان ادارہ جاتی روابط کا جائزہ لیا۔وزیر خارجہ نے دوطرفہ باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔