اسلام آباد۔5جنوری (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بدھ کو خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر نائف بن فلاح الحجراف اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ظہرانہ کا اہتمام وزارت خارجہ میں کیا گیا۔پاکستان میں تعینات خلیجی ممالک کے سفراء نے وزیر خارجہ کی جانب سے دیئے گئے ظہرانے میں شرکت کی۔
وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ طاہر محمود اشرفی بھی ظہرانے میں شریک ہوئے۔سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور سپیشل سیکرٹری خارجہ رضا بشیر تارڑ سمیت وزارتِ خارجہ کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزیر خارجہ نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرنے اور پاکستان تشریف آوری پر سیکرٹری جنرل خلیج تعاون کونسل کا شکریہ ادا کیا ۔سیکرٹری جنرل خلیج تعاون کونسل ڈاکٹر نائف بن فلاح الحجراف نے پر تپاک خیرمقدم اور پر خلوص میزبانی پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔