اسلام آباد ۔ 22 فروری (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد یقینی بنا رہی ہے۔ جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی کوشش ہے کہ پاکستان کا نام ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکالا جائے اور اس کے لیے …
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اظہار خیال

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 22 فروری (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد یقینی بنا رہی ہے۔ جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی کوشش ہے کہ پاکستان کا نام ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکالا جائے اور اس کے لیے ہمیں ٹھوس اقدامات کرنے ہونگے تاکہ ہمارے مخالفین کو انگلی اٹھانے کا کوئی موقع نہ مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی یہ فیصلہ کر لیا تھا کہ ہم نے ایسے اقدامات اٹھانے ہیں اور ان تنظیموں کو جو پاکستان کے مفادات پر سمجھوتہ کر سکتی ہیں ان کے خلاف ہم نے کارروائی کرنی ہے، ماضی کی حکومتیں ایسا کرنے کا اعلان تو کرتی رہیں لیکن عملی طور پر کیا کچھ بھی نہیں لیکن موجودہ حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان کے مفادات کی خاطر ہم نے یہ ضرور کرنا ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کا امیج بہتر بنانا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت تو کافی عرصے سے ان کوششوں میں لگا ہوا ہے کہ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ میں دھکیلے لیکن وہ اپنے ان مقاصد میں ناکام رہا ہے، موجودہ حکومت کے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کو گزشتہ ماہ کے اجلاس میں بھی سراہا گیا اور گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں بھی ہمارے سیکرٹری خزانہ نے منی لانڈرنگ اور کرپشن کے خلاف اٹھائے جانے والے اقدامات کے حوالے سے ایف اے ٹی ایف حکام کو تفصیلی بریفنگ دی جس پر انہوں نے اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ موجودہ حکومت کی موثروکارآمد پالیسیوں کی بدولت پاکستان بالکل درست سمت پر گامزن ہے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے حالیہ دھمکیوں اور بدلے کی باتوں کے بعد اپوزیشن کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیئے اور بلاوجہ کے احتجاج سے گریز کرتے ہوئے پارلیمان سے ایک یکجہتی کا پیغام دیا جانا چاہیئے، سیاسی نوعیت کے اختلافات ہیں جو رہیں گے اور اپوزیشن کو تنقید کا حق بھی حاصل ہے جس سے ہم انکاری نہیں لیکن صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے ہی آگے بڑھنا چاہیئے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آغا سراج درانی سمیت اپوزیشن رہنماﺅں پر تمام کیسز ماضی کے ادوار میں درج ہوئے موجودہ حکومت نے تو کوئی ایک بھی کیس درج نہیں کروایا، اب اگر نیب کوئی کارروائی کرتا ہے تو اس میں حکومت کا کیا قصور ہے نیب تو ایک آزاد ادارہ ہے جس کے معاملات سے حکومت کا کوئی سروکار نہیں، اپوزیشن کو اگر نیب سے کوئی مسئلہ ہے یا نیب پر کوئی غصہ ہے تو وہ نیب کے سامنے احتجاج کرے پارلیمان میں احتجاج کر کے ایوان کے ماحول کو کیوں خراب کیا جا رہا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بڑا واضح پیغام دیا جسے ہر سطح پر سراہا گیا۔







