وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا ویڈیو لنک اجلاس سے خطاب

اسلام آباد ۔ 13 مئی (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے محدود معاشی وسائل کے باوجود کورونا وبا کے پھیلاو کو روکنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہا ہے، وزیر اعظم عمران خان عالمی اقتصادی فورم کوویڈ ایکشن پلیٹ فارم کے تحت منعقدہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وزیر خارجہ بدھ کو وزارت خارجہ میں ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کر …

اسلام آباد ۔ 13 مئی (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے محدود معاشی وسائل کے باوجود کورونا وبا کے پھیلاو کو روکنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہا ہے، وزیر اعظم عمران خان عالمی اقتصادی فورم کوویڈ ایکشن پلیٹ فارم کے تحت منعقدہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وزیر خارجہ بدھ کو وزارت خارجہ میں ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں کورونا وبائی چیلنج، مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال اور ترقی پذیر ممالک کی معاشی بحالی کیلئے وزیر اعظم کے ڈیٹ ریلیف اقدام سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ اجلاس میں امریکہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید، نیو یارک میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم اور جنیوا میں پاکستان کے مستقل مندوب خلیل ہاشمی نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران بھی شریک ہوئے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ موجودہ عالمی وبائی چیلنج سے نمٹنے کیلئے پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کو بہت سی مشکلات کا سامنا ہے۔ ایک طرف ہمیں کرونا وبا کے مزید پھیلاو کو روکنا ہے اور دوسری طرف معاشی سرگرمیوں کے تعطل کے باعث پیدا ہونے والے معاشی بحران سے نکلنا ہے۔ وزیر خارجہ نے مستقل مندوبین کو کورونا وبا کے پیش نظر مقبوضہ جموں و کشمیر سے بلاجواز کرفیو کے خاتمے اور بھارت میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کو بین الاقوامی فورمز پر اجاگر کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ورلڈ اکنامک فورم کووڈ ایکشن پلیٹ فارم کے تحت منعقدہ اجلاس میں شرکت کریں گے جہاں وہ کورونا وبائی چیلنج، مقبوضہ جموں کشمیر کی صورتحال اور کمزور معیشتوں کیلئے ڈیٹ ریلیف کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے، عالمی برادری کو پاکستان کے نکتہءنظر سے آگاہ کریں گے۔