اسلام آباد ۔ 24 فروری (اے پی پی) یورپی یونین نے قیام امن کیلئے پاکستان کے روئیے کو سراہتے ہوئے خطے میں قیام امن کے لیئے پاکستان اور بھارت کے مابین تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے پر امن طریقے سے ہر حل کرنے پر زور دیا ہے۔ دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اتوار کو یورپی یونین کے خارجہ تعلقات اور سیکورٹی پالیسی کی نمائندہ فیڈریکا موگیرینی سے ٹیلی فون پررابطہ کیا۔ بات چیت میں فریقین نے دوطرفہ تعلقات کی موجودہ نوعیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مس موگیرینی کو خطے کی مجموعی صورتحال اور پلوامہ واقعہ کے بعد ھندوستان اور پاکستان کے مابین پائی جانے والی کشیدگی سے آگاہ کیا۔ یورپی یونین کی نمائندہ برائے امور خارجہ نے دونوں ممالک کے مابین کشیدگی کم کروانے کے لیے اپنے تعارن کا یقین دلایا ۔ یورپی یونین کی نمائندہ برائے امور خارجہ نے پاکستان کے روئیے کو سراہتے ہوئے خطے میں قیام امن کے لیئے دونوں ممالک کے مابین تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے پر امن طریقے سے ہر حل کرنے پر زور دیا۔ فریقین نے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔