دوشبنے۔30مارچ (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے منگل کو تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں منعقدہ نویں ہارٹ آف ایشیا استنبول پراسس کانفرنس کے موقع پر آذربائیجان کے اپنے ہم منصب جیہون بیراموف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات مختلف شعبہ جات میں تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ نے آذربائیجان کے وزیر خارجہ کو نوروز کی مبارکباد دی اور رواں سال جنوری میں آذربائیجان کے وزیر خارجہ کے دورہ ء پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون کے فروغ کیلئے طے کردہ اہداف کے حصول کیلئے مشترکہ کوششیں بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین ڈائریکٹ فلائٹس کا آغاز، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون اور سیاحت کے فروغ میں معاون ثابت ہو گا۔دونوں وزرائے خارجہ کے مابین آذربائیجان کے سرحدی علاقوں کے واگزار ہونے کے بعد، علاقائی صورتحال، افغان امن عمل ،مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے باہمی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔