تاشقند۔15جولائی (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جمعرات کو تاشقند میں وزیر اعظم ازبکستان عبداللہ عارفوف سے ملاقات کی۔بات چیت کے دوران دو طرفہ تعلقات،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ازبکستان سمیت وسط ایشیائی ممالک کے ساتھ روابط کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ازبکستان کے ساتھ تاریخی، مذہبی اور ثقافتی بنیادوں پر استوار گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے مابین دو طرفہ طرفہ تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔وزیر خارجہ نے جنوب اور وسط ایشیائی ملکوں کی کانفرنس کے انعقاد پر وزیر اعظم ازبکستان کو مبارکباد دی اور کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا دورہ ازبکستان اور اس کانفرنس میں شرکت،سے دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا دورہ، معاشی شراکت داری اور خطے میں اقتصادی، تجارتی و کثیر الجہتی روابط بڑھانے میں بھی معاون ثابت ہوگا