وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی تاجک پارلیمنٹ مجلس نمائندگان کے چیئرمین ذاکرزادہ محمد طاہر ظاہرسے ملاقات

74
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی تاجک پارلیمنٹ مجلس نمائندگان کے چیئرمین ذاکرزادہ محمد طاہر ظاہرسے ملاقات
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی تاجک پارلیمنٹ مجلس نمائندگان کے چیئرمین ذاکرزادہ محمد طاہر ظاہرسے ملاقات

دوشنبے۔31مارچ (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے دوشنبہ میں تاجک پارلیمنٹ ،مجلس نمائندگان کے چیئرمین ذاکرزادہ محمد طاہر ظاہر کیساتھ ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دو طرفہ پارلیمانی روابط کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا، فریقین نے دو طرفہ تعلقات کے استحکام کیلئے پاکستان اور تاجکستان کے مابین پارلیمان کی سطح پر روابط کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے مابین پارلیمانی سطح پر تعلقات کے فروغ کیلئے، پہلے سے موجود "پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ” کو مزید مضبوط اور فعال بنایا جا سکتا ہے ۔وزیر خارجہ نے پاکستان اور تاجکستان کی پارلیمان کے مابین، ایشین پارلیمنٹری اسمبلی (APU ), انٹر پارلیمنٹری یونین (IPU) اور اقتصادی تعاون تنظیم کی پارلیمانی اسمبلی (PAECO ) جیسے اہم فورمز پر دو طرفہ روابط کو سراہتے ہوئے انہیں مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر خارجہ نے چیئرمین مجلس نمائندگان، تاجکستان کو قبل ازیں اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے، ماہ اپریل کے دوران پاکستان میں متوقع دوسری پارلیمانی جنرل کانفرنس میں شرکت کی دعوت کا اعادہ کیا۔چیئرمین مجلس نمائندگان تاجکستان نے وزیر خارجہ کی جانب سے پاکستان میں منعقدہ پارلیمانی کانفرنس کی دعوت کے اعادے کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

قبل ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں تاجک سلطنت کے بانی اسماعیل سامانی کی یادگار کا دورہ کیا۔وزیر خارجہ نے اسماعیل سامانی کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے یاد گار پر پھول چڑھائے۔سیکرٹری خارجہ سہیل محمود ،تاجکستان میں تعینات پاکستانی سفیر عمران حیدر اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔