وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت او آئی سی وزرا خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس

87
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت او آئی سی وزرا خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس

اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت او آئی سی وزرا خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کے انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس جمعرات کو وزارت خارجہ میں منعقد ہوا۔

خصوصی سیکرٹری خارجہ رضا بشیر تارڑ، ترجمان وزارت خارجہ عاصم افتخار سمیت وزارتِ خارجہ کے سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ 19 دسمبر 2021 کوافغانستان کی صورتحال کے حوالے سے پاکستان نے او آئی سی وزراء خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کی میزبانی کی،

اس اجلاس کی کامیابی میں ہمارے تمام اداروں نے گرانقدر کردار ادا کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ او آئی سی وزراء خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کے باعث پاکستان ایک دفعہ پھر عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بننے جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ او آئی سی وزراء خارجہ کونسل کا اڑتالیسواں اجلاس 22/23 مارچ 2022 کو پاکستان کی میزبانی میں اسلام آباد میں منعقد ہو گا۔

وزیر خارجہ کو او آئی سی وزراء خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کے انتظامات اور تیاریوں کے حوالے سے مفصل بریفنگ دی گئی۔وزیر خارجہ نے او آئی سی وزراء خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کے انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لیا اور انہیں جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔