وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی عراق کے صدر برہام صالح سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال

153
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی عراق کے صدر برہام صالح سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال

بغداد۔29مئی (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور عراق کے مابین دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری، انفراسٹرکچر کی تعمیر، تعلیم، زراعت، استعداد کار میں اضافے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

یہ بات انہوں نے ہفتہ کو بغداد میں عراق کے صدر برہام صالح کیساتھ صدارتی محل میں ملاقات کے دوران کہی۔بات چیت کے دوران دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان اور پاکستانی عوام کی جانب سے عراق کی قیادت اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار پہنچایااور کہا کہ پاکستان اور عراق کے مابین تاریخی، تہذیبی اور مذہبی ہم آہنگی کی بنیاد پر استوار گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔دونوں ممالک کی عوام کے درمیان پائی جانے والی قلبی وابستگی،ان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بناتی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہر سال پاکستان سے، ہر مسلک اور مکتبہ فکر سے وابستہ، دو لاکھ سے زائد زائرین زیارات کیلئے کربلا، نجف اور بغداد آتے ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اپنی جغرافیائی اقتصادی ترجیحات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔پاکستان اور عراق کے مابین دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری، انفراسٹرکچر کی تعمیر، تعلیم، زراعت، استعداد کار میں اضافے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں،۔دوران گفتگو، پاکستان اور عراق کے درمیان دفاعی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں، عالمی برادری سے فوری توجہ کی متقاضی ہیں۔وزیر خارجہ نے عراقی صدر کو ہیومن رائٹس کونسل کے خصوصی اجلاس میں، اسرائیلی جارحیت کے خلاف آزادانہ تحقیقاتی کمیشن سے متعلقہ قرارداد کی منظوری اور پاکستان کی سفارتی کاوشوں سے مطلع کیااور کہا کہ مسئلہ فلسطین کے مستقل اور پائدار حل کے بغیر مشرق وسطیٰ جبکہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ تصفیے کے بغیر جنوبی ایشیا میں امن کا خواب پورا نہیں ہو سکتا،

وزیر خارج نے کہا کہ پاکستان، افغان امن عمل سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنی مصالحانہ کاوشیں جاری رکھنے کے لیے پر عزم ہے۔عراقی صدر نے ماحولیاتی تبدیلی کیلئے وزیر اعظم عمران خان کے پروگرام "بلین سونامی ٹری” منصوبے کی تعریف کی اور ماحولیاتی تحفظ کیلئے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔عراق کے صدر برہام صالح نے وزیر اعظم عمران خان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کرونا وبا کے دوران معاونت پر پاکستانی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔