اسلام آباد ۔ 7 مارچ (اے پی پی) وزیر خارجہ خواجہ آصف نے جیلوں میں بند سویلین قیدیوں کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہائی سے متعلق بھارتی تجویز کی منظوری دیدی اور بھارت کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر قیدیوں کے تبادلے کی مزید دو تجاویز کی پیشکش کر دی ہے۔بدھ کو دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ نے تمام سٹیک ہولڈرز کیساتھ مشاورت کے بعد دونوں ملکوں کی جیلوں میں بند سویلین قیدیوں کی انسانی ہمدری کی بنیاد پر رہائی سے متعلق بھارتی تجاویز کی منظوری دیدی۔بھارت نے خواتین،ذہنی معذور اور 70سال سے زائد عمر کے قیدیوں کے تبادلے،جوڈیشل کمیٹی میکنزم کی بحالی اور دونوں ملکوں کے ماہرین کو قیدیوں کی ذہنی اور جسمانی حالت کا جائزہ لینے کیلئے دورے کرنیکی تجاویز دی تھیں۔ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے بھارت کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر قیدیوں کے تبادلے کی مزید دو تجاویز کی پیشکش بھی کر دی۔