وزیر خزانہ اسد عمر سے امریکہ کی پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری برائے بیوروآف ساﺅتھ اینڈ سنٹرل ایشیاءسفیر ایلس ویلز کی ملاقات، وفود کی سطح پر مذاکرات

84
APP87-06 ISLAMABAD: November 06 - US Principal Deputy Assistant Secretary of State (South and Central Asian Affairs) Alice Wells called on Finance Minister Asad Umar. APP

اسلام آباد ۔ 6 نومبر (اے پی پی) امریکہ اور پاکستان کے سینئر حکام نے منگل کو دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوﺅں کا جائزہ لیا اور دوطرفہ تعلقات کو متنوع اور انہیں مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزارت خارجہ کی طرف سے یہاں جاری بیان کے مطابق امریکہ کی پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری برائے بیوروآف ساﺅتھ اینڈ سنٹرل ایشیاءسفیر ایلس ویلز نے وزیر خزانہ اسد عمر سے ملاقات کے علاوہ وزارت خزانہ میں سینئر حکام سے وفود کی سطح پر مذاکرات کئے۔ وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات میں ایڈیشنل سیکرٹری (امریکاز) آفتاب کھوکھر نے پاکستانی وفد کی قیادت کی۔ وفد میں وزارت داخلہ اور وزارت دفاع کے سینئر حکام بھی شامل تھے۔ اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور امریکی سیکرٹری خارجہ مائیکل رچرڈ پومپیو کے مابین باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی تعلقات کو ازسرنو استوار کرنے پر اتفاق رائے کا اچھی طرح سے جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پاکستان نے امریکہ کے ساتھ تعلقات کو متنوع بنانے بالخصوص اقتصادی و تجارتی تعاون اور عوامی رابطوں کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ امریکی وفد نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی ضرورت کو سراہا اور کہا کہ پاکستان خطہ کا اہم ملک ہے۔ اجلاس میں علاقائی صورتحال کا جائزہ لیاگیا اور افغانستان میں امن و استحکام پر بھی گفتگو کی گئی۔ بیان کے مطابق فریقین نے خطہ میں امن و استحکام کے مشترکہ مقاصد اور دوطرفہ تعلقات کو متنوع بنانے کیلئے کوششیں جاری رکھنے سے اتفاق کیا۔