وزیر خزانہ اسد عمر کی زیرصدارت اجلاس، تفصیلی اور جامع اصلاحات پروگرام کیلئے وزیر مملکت حماد اظہر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیدی گئی

124

اسلام آباد ۔ 18 اکتوبر (اے پی پی) وزیر خزانہ، ریونیو و اقتصادی امور اسد عمر نے وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی ہے جو رواں مالی سال کے اختتام سے قبل تفصیلی اور جامع اصلاحات کا پروگرام پیش کرے گی۔ کمیٹی میں ملک کے ممتاز ماہرین کو شامل کیا جائے گا اور یہ وسائل کے استعمال اور محاصل پیدا کرنے کے حوالہ سے قلیل، وسط اور طویل مدتی حکمت عملی اور اصلاحات کا ایجنڈا تیار کرے گی۔ یہ فیصلہ وزیر خزانہ کی زیر صدارت ایف بی آر ہاﺅس میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا جس میں وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر، فسکل پالیسی پر اکنامک ایڈوائزری گروپ کے سب گروپ کے ممبر ثاقب شیرانی، ڈاکٹر نوید حامد، ڈاکٹر اسد زمان، ممبر ٹیکس ریفارمز کمیشن اشفاق تولہ، پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر عبدالقادر میمن اور شبر زیدی نے شرکت کی۔