اسلام آباد۔5دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے وفاقی جمہوریہ جرمنی کے سفیر الفریڈ گراناس نے پیر کو فنانس ڈویژن میں ملاقات کی۔ وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے جرمنی کے سفیر الفریڈ گراناس کا استقبال کیا اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا ۔
وزیر خزانہ نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات میں اضافہ کی اہمیت کی بھی نشاندہی کی۔ وزیر خزانہ نے سفیر الفریڈ گراناس کو موجودہ حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کے بارے میں بتایا جن کا مقصد تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے ممکنہ راستے بھی بتائے جن کے ذریعے دونوں ممالک تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا کر سکتے ہیں۔
جرمنی کے سفیر الفریڈ گراناس نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے تعاون اور حمایت کی پیشکش پر وزیر خزانہ کے ساتھ اظہار تشکر کیا۔ سفیر نے پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے میں بھی گہری دلچسپی ظاہر کی۔ وزیر خزانہ نے آخر میں جرمن سفیر کا شکریہ ادا کیا۔ الفریڈ گراناس اور پاکستان میں مستقبل کی سرمایہ کاری کی کوششوں کے لئے مکمل حمایت اور تعاون کی پیشکش کی۔