مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کو بہتر بنانے کے لئے پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کے ساتھ ملکر کام کر رہے ہیں،نمائندہ یو این ڈی پی

یو این ڈی پی ۔ پی ایم یو
اقوام متحدہ ترقیاتی پراگرام کے پروگرام مینجمنٹ یونٹ

لاہور۔5دسمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے ادارہ برائے ترقیاتی امور (یو این ڈی پی) کی نمائندہ ایلیونا نیکولیٹا نے پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کے پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر فاروق کے ہمراہ میو ہسپتال میں قائم ایچ آئی وی/ ایڈز سپیشل کلینک کا دورہ کیا۔وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر اختر ملک اور سیکریٹری صحت نے ڈاکٹر محمد ارشاد کو پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کی عالمی اداروں سے بہتر شراکت داری کی ہدایات دے دیں۔

پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کے پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر فاروق احمد نے پروگرام کے مختلف امور اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات اور سہولیات سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ میو ہسپتال کا ایچ آئی وی/ایڈز کلینک سولہ سال سے اس بیماری میں مبتلا افراد کو مفت تشخیص اور علاج کے ساتھ ساتھ مفت ادویات فراہم کر رہا ہے۔

ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام اس وقت صوبہ کے تمام اضلاع میں قائم 45 کلینکس کے ذریعے اس مرض میں مبتلا افراد کو مفت تشخیص اور علاج کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایچ آئی وی ایڈز کے مریضوں کو ہر جگہ امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ڈاکٹر فاروق کا کہنا تھا کہ انجکشن کا غیر محتاط استعمال ایچ آئی وی ایڈز کے پھیلا ئوکی سب سے بڑی وجہ ہے۔

اس موقع پر عالمی ادارہ کے نمائندہ نے پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کی کارکردگی کی تعریف کی اور کہا کہ عالمی ادارہ برائے ترقیاتی امور مریضوں کی فلاح اور علاج میں بہتری کے لئے شراکتی اقدامات میں اضافہ کرے گا۔ایلیون نیکولیٹا نے کہا کہ ایچ آئی وی/ ایڈز کے مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لئے پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کے ساتھ ملکر کام کر رہے ہیں۔