سعودی عرب نے کہا ہے کہ یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے کشیدگی میں اضافے کے دوران سعودی فضائی دفاعی نظام نے مکہ مکرمہ کی فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے ایک ڈرون کو تباہ کر دیا۔
ڈرون کو مکہ کی فضائی حدود میں داخل ہونے سے پہلے تباہ کر دیا،سعودی عرب

مزید خبریں
ریاض۔16ستمبر (اے پی پی):سعودی عرب نے کہا ہے کہ یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے کشیدگی میں اضافے کے دوران سعودی فضائی دفاعی نظام نے مکہ مکرمہ کی فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے ایک ڈرون کو تباہ کر دیا۔
اردو نیوز کے مطابق اتحادی فورسز کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بدھ کی صبح بیان میں کہا ہے کہ اس ڈرون کو گزشتہ روز سعودی وقت کے مطابق شام 6 بجکر 50 منٹ پر مکہ کے جنوب میں انٹرسیپٹ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ریڈ لائن ہے جس پر ہم ضروری اور سخت اقدامات کرنے سے نہیں ہچکچائیں گے۔ ترجمان نے کہا کہ یہ کوشش دہشت گرد حوثی ملیشیا کی خلاف ورزیوں کے ریکارڈ میں ایک سیاہ دھبہ رہے گی۔ اسے لاکھوں مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کی ایک دانستہ کارروائی سمجھا جا رہا ہے۔
حرمین شریفین کے مہمانوں، شہریوں اور مقیمین کو خوفزدہ کرنے اور نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔ اس گروپ کی جانب سے مقدس شہر کے اطراف داغے گئے میزائل کو مار گرائے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اتحادی فورسز کے مطابق 2017 میں بھی سعودی فضائی دفاعی نظام نے حوثی ملیشیا کی جانب سے مکہ کی سمت داغے جانے والے ایک بیلسٹک میزائل کو انٹرسیپٹ کیا تھا۔ یہ میزائل طائف کے علاقے الوصلیہ کے اوپر مار گرایا گیا تھا۔ اس واقعے میں کسی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی تھی۔







