جی سی سی اور عرب پارلیمنٹ کی سعودی عرب پر حملوں کی مذمت

خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) اور عرب پارلیمنٹ نے حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب پر حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

ریاض،قاہرہ۔16ستمبر (اے پی پی):خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) اور عرب پارلیمنٹ نے حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب پر حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

اردو نیوز کے مطابق جی سی سی کے سیکرٹری جنرل جاسم البدیوی نےگزشتہ روز بیان میں کہا کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے مسلسل بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے شہری آبادی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جو ان کے دہشت گردانہ طرزعمل کا واضح عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ حوثیوں کی جانب سے حملوں کا تسلسل بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی، سعودی عرب کی سلامتی و استحکام، اس کے شہریوں اورمقیمین کے لیے براہ راست خطرہ ہے۔ عرب پارلیمنٹ نے بھی سعودی عرب کے شہروں خمیس مشیط، ابھا اور طائف پر حوثی ملیشیا کی جانب سے بیلسٹک میزائلوں اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی۔

پارلیمنٹ کے صدر محمد احمد الیماحی نے بیان میں کہا کہ یہ حملے عالمی قوانین، بین الاقوامی انسانی قانون، اقوم متحدہ کے منشور اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے عرب پارلیمنٹ کی جانب سے مملکت کے ساتھ مکمل یکجہتی، مملکت کی خود مختاری، سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے تمام اقدامات کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ عرب پارلیمنٹ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے حملوں کے تسلسل کو روکنے کے لیے سخت موقف اختیار کرے۔