بھکر ،طالبات کو مزید بہتر، محفوظ اور سازگار تعلیمی ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جائے،ڈپٹی کمشنر

ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی نے گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول شہانی بھکر کا دورہ کیا۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی شازیہ توصیف بھی موجود تھیں۔

بھکر۔ 16 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی نے گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول شہانی بھکر کا دورہ کیا۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی شازیہ توصیف بھی موجود تھیں۔

گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول شہانی کی ہیڈ مسٹرس نورین اختر ملک نے ڈپٹی کمشنر کو سکول کے تدریسی اور انتظامی امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے سکول کے مختلف کلاس رومز اور دیگر شعبہ جات کا معائنہ کیا اور طالبات کی تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کلاس رومز میں جا کر طالبات سے مختلف سوالات پوچھے اور ان کی تعلیمی استعداد اور جوابات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے سکول میں صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات، خوبصورت باغیچوں،شجرکاری اور مجموعی طور پر خوبصورت اور منظم تعلیمی ماحول کو سراہا۔انہوں نے سکول کے تدریسی و انتظامی امور اور ہیڈ مسٹرس و اساتذہ کی کارکردگی کو بھی قابلِ تعریف قرار دیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ طالبات کو مزید بہتر، محفوظ اور سازگار تعلیمی ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور تعلیمی معیار میں بہتری کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔