جیک ڈریپر کا جاری ٹینس سیزن میں مزید نہ کھیلنے کا فیصلہ، آئندہ سال کی شروعات میں واپسی کے لئے پرعزم

انگلینڈ کے سابق عالمی نمبر 4 ٹینس کھلاڑی جیک ڈریپر نے رواں سیزن کے باقی تمام میچز سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے، تاہم انہوں نے آئندہ سال کے آغاز میں ٹینس ٹور میں واپسی کا عزم ظاہر کیا ہے۔

لندن۔16ستمبر (اے پی پی):انگلینڈ کے سابق عالمی نمبر 4 ٹینس کھلاڑی جیک ڈریپر نے رواں سیزن کے باقی تمام میچز سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے، تاہم انہوں نے آئندہ سال کے آغاز میں ٹینس ٹور میں واپسی کا عزم ظاہر کیا ہے۔

بی بی سی کے مطابق 24 سالہ برطانوی ٹینس سٹار جیک ڈریپرسروس کرنے والے بازو کی ہڈی کی تکلیف کا شکار ہیں اور گزشتہ سال کے ومبلڈن کے بعد سے وہ صرف 9 ٹورنامنٹس میں ہی شرکت کرسکے ہیں۔ مونٹریال اور سنسناٹی کے پہلے راؤنڈ میں شکست کے بعد وہ یو ایس اوپن کا حصہ بھی نہیں بن سکے تھے۔ انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں جیک ڈریپر نے لکھا کہ وہ اس وقت خود کو بحال اور صحت یابی کے عمل سے گزر رہے ہیں تاکہ جب وہ کورٹ پر واپس آئیں تو 100 فیصد تیار ہوں۔جیک ڈریپر اس وقت عالمی رینکنگ میں 155 ویں نمبر پر ہیں، جس کی وجہ سے گرینڈ سلام اور اے ٹی پی ٹور کے مقابلے کھیلنے کے لیے انہیں وائلڈ کارڈز یا کوالیفائنگ مرحلے سے گزرنا پڑے گا۔

واضح رہے کہ جیک ڈریپر نے گزشتہ سال جون میں انڈین ویلز میں پہلا ماسٹرز 1000 ٹائٹل جیت کر کیریئر کی بہترین رینکنگ 4 حاصل کی تھی، لیکن اس کے بعد سے وہ مسلسل چوٹ سے نبرد آزما ہیں۔اپنی بحالی کے پروسیس کے لیے جیک ڈریپر اپنے ریکیٹ، ڈائٹ اور سروس میں کچھ تبدیلیاں کر رہے ہیں تاکہ بازو پر دباؤ کم ہو سکے۔ برطانیہ کے نامور ٹینس سٹار اینڈریو مرے ان کی کوچنگ ٹیم کا حصہ برقرار رہیں گے، تاہم ان کی ٹور پر محدود دستیابی کی وجہ سے ایک مستقل کوچ کی تلاش بھی جاری ہے تاکہ آئندہ سیزن میں واپسی پر ان کے شیڈول اور کارکردگی کو متوازن رکھا جا سکے۔