اسلام آباد ۔ 22 دسمبر (اے پی پی) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت کا مائیکرو فنانس کا شعبہ 42 لاکھ شہریوںکو کاروبار شروع کرنے کیلئے آسان قرضہ فراہم کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پرائم منسٹر فری لون سکیم کے تحت چیکس کی تقسیم کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ لون سکیم میں 6 سکیمیں شروع کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرائم منسٹر انٹرسٹ فری لون سکیم کے تحت ابھی تک 2 لاکھ 50 ہزار مستحق افراد کو بلاسود قرضہ جاری کیا گیا ہے تاکہ وہ کاروبار شروع کر سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان افراد کا تعلق 44 اضلاع کی 427 یونین کونسلز سے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بلاسود قرضہ حاصل کرنے والوں میں 62 فیصد خواتین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سکیم کے تحت معاشرے کے مستحق غریب افراد کو قرضوں کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خوشی کی بات یہ ہے کہ اس سکیم کے تحت قرضہ حاصل کرنے والے کامیابی سے اپنا کاروبار چلا رہے ہیں۔