وزیر خزانہ شوکت ترین کا چینی کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار،صوبائی حکام کو مارکیٹوں میں چینی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے مناسب اقدامات کی ہدایت

121

اسلام آباد۔29دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے چینی کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکام کو مارکیٹوں میں چینی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے مناسب اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کویہاں نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔

وفاقی وزیر سید فخر امام، وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب، سیکرٹری وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق ، سیکرٹری صنعت و پیداوار، اقتصادی مشیر خزانہ ڈویژن، صوبائی چیف سیکرٹریز، چیف شماریات دان ، ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور دیگر اعلی افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

وزارت خزانہ کے اقتصادی مشیرنے شرکا کو مہنگائی کی ہفتہ وار صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا اوربتایا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران پیوستہ ہفتے میں افراط زرکی شرح میں 0.40 فیصد اضافہ ہوا ۔ہفتہ میں 5 اشیا کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ ہفتے کے دوران آلو کی قیمتوں میں 0.04 فیصد، مرچ پاڈر کی قیمت میں 0.03 فیصد، پیاز 0.02 فیصد، آٹا 0.03 فیصد اور گڑ کی قیمت میں 0.004فیصد کی کمی ہوئی۔

گزشتہ سال کی اسی مدت کی قیمتوں کے مقابلے اس ہفتے کے دوران اشیا کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے ۔ اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ پیاز کی موجودہ قیمتیں تین سال پہلے کے مقابلے میں کم ہیں۔ ہفتہ کے دوران 23 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں جبکہ 23 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جن میں خواتین کے سینڈل 0.12 فیصد، ٹماٹر 0.03 فیصد،ایل پی جی 0.16% اور انڈے کی قیمتوں میں 0.07 فیصداضافہ شامل ہیں۔

اجلاس کوبتایا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھا ئونے ایل پی جی کی قیمتوں کو متاثر کیا ہے ، لیڈیز سینڈل کی قیمتوں میں اضافہ مینوفیکچرنگ کمپنیوں کی جانب سے قیمتوں میں سالانہ اضافہ ہواہے ۔ اجلاس کے شرکا کو آٹے کی قیمتوں کے بارے میں آگاہ کیاگیا اور بتایا گیا کہ ملک میں آٹے کی قیمتوں میں مزید کمی ہوئی ہے۔ اجلاس میں ملک میں گندم کے وافر ذخائر کی دستیابی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس میں ملک میں گندم کی بوائی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور بتایا گیا کہ سندھ اور پنجاب صوبوں میں گندم کی بوائی تسلی بخش ہے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں خشک سالی سے بوائی متاثر ہوئی تھی تاہم اب بوائی کا سلسلہ جاری ہے اوراس حوالہ سے اہداف مکمل ہو جائیں گے۔ کمیٹی کو ملک میں چینی کی قیمتوں پر بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ راولپنڈی، کراچی اور پشاور میں قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوا ہے۔ چینی کے نئے اسٹاک مارکیٹ میں آنے سے چینی کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔

وزیر خزانہ شوکت ترین نے چینی کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکام کو مارکیٹوں میں چینی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے مناسب اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ سیکرٹری وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق نے اجلاس کو موسمیاتی عوامل کی وجہ سے چکن اور انڈوں کی قیمتوں میں اضافے سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں ملک میں دودھ کی قیمتوں کا بھی جائزہ لیاگیا اور بتایا گیا کہ ملک بھر میں قیمتیں معمول پر ہیں۔

وزیر خزانہ نے وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کومارکیٹ میں دودھ کی ہموار اور پائیدار فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مناسب ترین سطح پر دودھ کی قیمتوں کے لیے مناسب منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کی ۔کمیٹی کو ملک بھر کے سستا اور سہولت بازاروں میں رعایتی نرخوں پر ضروری اشیا کی دستیابی کے بارے میں بتایا گیا۔ وزیر خزانہ نے پنجاب، خیبرپختونخوا حکومتوں اور اسلام آباد کی انتظامیہ کی سستے بازاروں کے ذریعے اہم اشیا کی رعایتی قیمتوں پر فراہمی کی کوششوں کی تعریف کی ۔

انہوں نے سندھ اوربلوچستان کے سستے بازاروں میں کم نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی دستیابی پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔ وزیر خزانہ نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو قابومیں رکھنے اورر روزمرہ استعمال کی ضروری اشیا کی سہل وہموارفراہمی کویقینی بنانے کیلئے کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت پرزوردیا۔