وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار سے پاکستان سٹاک ایکسچینج اور میوچل فنڈز ایسو سی ایشن کے مشترکہ وفد کی ملاقات

Foreign Minister Mohammad Ishaq Dar
Foreign Minister Mohammad Ishaq Dar

اسلام آباد۔4جون (اے پی پی):وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار سے پاکستان سٹاک ایکسچینج اور میوچل فنڈز ایسو سی ایشن کے مشترکہ وفد نے ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج کی نمائندگی اس کے منیجنگ ڈائریکٹر /چیف ایگزیکٹو آفیسر فرخ حسین اور چیف فنانشل آفیسر احمد علی نے کی جبکہ میوچل فنڈز کی نمائندگی میر عادل اور عارف قادری نے کی۔

ملاقات کے دوران وزیر خزانہ کے ہمراہ وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، معاون خصوصی برائے ریونیو طارق محمود پاشا، ریفارمز اینڈ ریسورس موبلائزیشن کمیشن کے چیئرمین اشفاق تولہ،چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد اور وزارت خزانہ اور ریونیو ڈویژن کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر جمیل احمد بھی اس ملاقات میں شریک تھے۔

ملاقات میں میوچل فنڈز ایسو سی ایشن کے نمائندوں نے شریعت سے مطابقت رکھنے والے میوچل فنڈزکی نمو پر روشنی ڈالی اور تجویز پیش کی کہ شریعت سے مطابقت رکھنے والا شارٹ ٹرم سکوک متعارف کرایا جائے۔انہوں نے آئندہ بجٹ میں میوچل فنڈز کے فروغ کے لئے چند اقدامات بھی تجویز کئے۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج کے نمائندوں نے گذشتہ چھ برس کے دوران مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں ہونے والی کمی پر روشنی ڈالی اور کہا کہ سٹاک مارکیٹ ایک ڈاکومنٹڈ سگمنٹ ہے اور قومی خزانہ میں اس کا بڑا حصہ ہے۔

انہوں نے لوگوں کو سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے لئے راغب کرنے کے لئے کچھ تجاویز بھی پیش کیں۔ وزیر خزانہ نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کے انڈیکس میں کمی پر تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج کی کارکردگی بہت بہتر تھی۔انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کی مسائل کا ازالہ کیا جائے گا اور ایسے اقدامات اٹھائے جائیں گے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہو۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج اس رجحان کو تبدیل کرکے ایک بار پھر اس خطے کی بہترین کارکردگی والی سٹاک مارکیٹ میں شامل ہوگی۔