وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی اے ڈی بی کے نائب صدر سے ملاقات، اصلاحات، ایس ایم ایز کیلئے مالیاتی سہولیات اور برآمدات پر مبنی ترقی کے فروغ پر تبادلہ خیال
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی اے ڈی بی کے نائب صدر سے ملاقات، اصلاحات، ایس ایم ایز کیلئے مالیاتی سہولیات اور برآمدات پر مبنی ترقی کے فروغ پر تبادلہ خیال

مزید خبریں
اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے جنوبی، وسطی و مغربی ایشیا کے نائب صدر ینگ منگ یانگ نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان اور اے ڈی بی کے درمیان تعاون، ساختی اصلاحات، سرمایہ کاری، نجی شعبے کی ترقی اور مالیاتی سہولیات تک رسائی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ینگ منگ یانگ نے پاکستان میں معاشی استحکام کی جانب پیش رفت پر وزیر خزانہ اور حکومت کو مبارکباد دی اور مالیاتی نظم و نسق، بیرونی کھاتے اور مجموعی معاشی استحکام میں حاصل ہونے والی بہتری کو سراہا۔
انہوں نے پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں مثبت پیش رفت کی بھی تعریف کرتے ہوئے اسے مسلسل اصلاحات اور معاشی بنیادوں میں بہتری کا ثبوت قرار دیا۔بدھ کو وزارت خزانہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاکستان کے ساتھ اے ڈی بی کی دیرینہ شراکت داری اور حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کے لیے مسلسل تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار معاشی ترقی کی بنیاد رکھنے کے لیے ملکی وسائل کو متحرک کرنے، پبلک فنانس، توانائی، انشورنس، پنشن اور دیگر اہم شعبوں میں اصلاحات کو ادارہ جاتی شکل دینا ضروری ہے۔سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کی توجہ اب معاشی استحکام سے پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی کی جانب منتقل ہو رہی ہے جس میں سرمایہ کاری، برآمدات، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور نجی شعبے کی شمولیت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
انہوں نے خودمختار فنانسنگ سے آگے بڑھ کر نجی شعبے کے آپریشنز اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپس سمیت اے ڈی بی کی بڑھتی ہوئی شمولیت کا خیرمقدم کیا۔ملاقات میں بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کے لیے مالیاتی سہولیات تک رسائی کو پاکستان کی معاشی ترقی اور برآمدی حکمت عملی کا اہم جزو قرار دیا گیا۔ وزیر خزانہ نے ایس ایم ایز کے لیے مالیاتی سہولیات میں اضافے اور ان کی استعداد کار بہتر بنانے کے حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالی تاکہ وہ روزگار، سرمایہ کاری اور برآمدات میں مزید مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ ایس ایم ایز کو عالمی ویلیو چینز میں شامل کرنے اور ان کی مسابقتی صلاحیت بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ملاقات میں انشورنس کے شعبے میں تبدیلی کے پروگرام، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے اقدامات، منصوبوں کی تیاری اور ان پر مؤثر عملدرآمد کی استعداد بہتر بنانے سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وزیر خزانہ نے ملکی اور نجی سرمایہ کاری کو مزید متحرک کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اختراعی مالیاتی ڈھانچوں، مشترکہ مالی معاونت اور بین الاقوامی ترقیاتی و مالیاتی اداروں کی زیادہ موثر شمولیت کے ذریعے سرمایہ کاری کے مواقع کو وسعت دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ، صاف توانائی، آبی وسائل کے انتظام، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی صلاحیت اور دیگر ترجیحی شعبوں میں تعاون بڑھانے کی وسیع گنجائش پر بھی روشنی ڈالی۔ینگ منگ یانگ نے پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات کے لیے اے ڈی بی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بینک کی ترجیحات اور حکومت پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے میں مضبوط ہم آہنگی موجود ہے۔ انہوں نے نجی شعبے کی ترقی، ایس ایم ای ویلیو چین فنانسنگ اور دیگر شعبوں میں مزید تعاون کے لیے آمادگی کا اظہار کیا۔ اے ڈی بی کے نائب صدر نے پائیدار اقتصادی ترقی کی جانب پاکستان کی منتقلی کے دوران مالیاتی احتیاط برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ ملاقات میں پنشن اصلاحات اور ادارہ جاتی استعداد کار بڑھانے کے امور بھی زیر بحث آئے۔
وزیر خزانہ نے ان شعبوں میں اے ڈی بی کی مسلسل تکنیکی معاونت کو سراہا۔فریقین نے جاری اور مستقبل کے پالیسی پر مبنی آپریشنز کا بھی جائزہ لیا اور اس امر کو تسلیم کیا کہ یہ پروگرام اہم ساختی اصلاحات اور طویل مدتی معاشی تبدیلی کے عمل میں معاون ثابت ہو رہے ہیں۔سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاکستان کی کنٹری پارٹنرشپ سٹریٹجی کے تحت اے ڈی بی کی مسلسل شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں اے ڈی بی کی معاونت کو نجی شعبے کی قیادت میں اقتصادی ترقی، برآمدی مسابقت، مالیاتی سہولیات تک رسائی، انفراسٹرکچر کی ترقی، موسمیاتی لچک اور سماجی تحفظ کی حکومتی ترجیحات سے ہم آہنگ کرنا اہم ہے۔
ملاقات میں اے ڈی بی کے وفد کے ارکان ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل یونگ یے، نائب صدر کے سینئر مشیر یانگ لو، کنٹری ڈائریکٹر ایما فین، ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر حسین حیدر، پرنسپل کنٹری سپیشلسٹ میاں شوکت شفیع، کنٹری پروگرام آفیسر خیام عباسی، سینئر اکانومسٹ ثنا مسعود، سینئر پروجیکٹ آفیسر فرزانہ نوشاب، سینئر پبلک سیکٹر سپیشلسٹ بابر وسیم اور کنٹری آپریشنز ہیڈ امیلا سالگادو سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔سیکرٹری خزانہ امداد اللہ بوسال، سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن ہمایوں کریم، اے ڈی بی ہیڈکوارٹرز منیلا میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور وزارت خزانہ کے سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔







