وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرصدارت اجلاس، ٹیکس کے حوالہ سے زیر التوا قانونی مقدمات کو فعال طور پر آگے بڑھانے کے لئے جامع حکمت عملی وضع کرنے کا فیصلہ

Finance Minister Muhammad Aurangzeb
Finance Minister Muhammad Aurangzeb

اسلام آباد۔3مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں پھنسے ہوئے محصولات کی جلد از جلد وصولی کے لئے تمام زیر التوا قانونی مقدمات کو فعال طور پر آگے بڑھانے کے لئے جامع حکمت عملی وضع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔یہ فیصلہ جمعہ کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو ہیڈ کوارٹرز میں محصولات کی وصولی کے حوالے سے ایف بی آر کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔

وزیرخزانہ نے اجلاس کی صدارت کی اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر اور بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔ اس موقع پر اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان بھی موجود تھے۔ اجلاس کے دوران چیئرمین ایف بی آر نے وفاقی وزیر کو رواں مالی سال کے لیے ایف بی آر کی محصولات اکٹھا کرنے کی کوششوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ چیئرمین نے ایف بی آر کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لئے اس کی ڈیجیٹلائزیشن کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بھی بتایا۔

وزیر خزانہ نے مجموعی قومی پیداوارکے تناسب سے محصولات کی وصولی اور ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے کے لئے حکمت عملی وضع کرنے پر زور دیا۔ وفاقی وزیر نے رواں مالی سال کے محصولات کی وصولی کے ہدف کو حاصل کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کرنے پر بھی زور دیا۔ اجلاس کے دوران زیر التوا قانونی مقدمات سمیت دیگر مختلف امور بھی زیر بحث آئے اور پھنسے ہوئے محصولات کی جلد از جلد وصولی کے لئے تمام زیر التوا قانونی مقدمات کو فعال طور پر آگے بڑھانے کے لئے ایک جامع حکمت عملی وضع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔