اسلام آباد ۔ 14 مارچ (اے پی پی) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر ڈی بارہ میں کلین اینڈ گرین پاکستان کے تحت شجرکاری، وزیر خزانہ اسد عمر نے پودا لگا کر موسم بہار کی شجرکاری مہم کاافتتاح کیا۔ جمعرات کو شجرکاری کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ پاکستان کا شمار ان ملکوں میں ہوتا ہے جو ماحولیات کے منفی اثرات سے متاثر ہیں ، ہمیں ماحول کی تنزلی کو روکنے کے لئے اقدامات کرنا ہوںگے ۔ انہوں نے کہا کہ درخت لگانے یا شجر کاری سے ماحولیات کے منفی اثرات سے بچاو ممکن ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ 15کروڑ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے۔ اسد عمر نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں دس لاکھ پودوں کا ہدف مقرر کیا گیا ہے 5 لاکھ پودے رواں موسم بہار اور 5 لاکھ پودےبرسات کے موسم میں لگائے جائیں گے، اسلام آباد ضلعی انتظامیہ کی اس ضمن میں کاوشیں قابل تحسین ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام آباد دنیا کے خوبصورت دارالحکومتوں میں شامل لیکن اسلام آباد کی خوبصورتی سبزہ کم ہونے سے ماند پڑ گئی ہے اسے ہم نے واپس لانا ہے اور کلین اینڈ گرین پاکستان کے ساتھ ساتھ سر سبز و شاداب اور صاف ستھرا اسلام آباد حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ اور سی ڈی اے کی طرف سے وزیر خزانہ اسد عمر اور معاون خصوصی علی نواز اعوان کو ضلعی انتظامیہ و سی ڈی اے افسران کی طرف سے جاری شجرکاری مہم کے بارے میں بھی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان۔ چیف کمشنر اسلام آباد و چیرمین سی ڈی اے عامر علی احمد، ڈپٹی کمشراسلام آباد حمزہ شفقات سمیت دیگر ضلعی انتظامیہ، سی ڈی اے اور ایم سی آئی کے افسران بھی موجود تھے۔