اسلام آباد ۔ 3 جولائی (اے پی پی) وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے شیخوپورہ کے قریب فاروق آباد کے مقام پر ٹرین حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں سکھ برادری کے ساتھ کھڑے ہیں، وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق اس حادثے کی باضابطہ تحقیقات کے بعد ذمہ داران کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔ وزارت …
وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کا شیخوپورہ کے قریب فاروق آباد کے مقام پرٹرین حادثے پر اظہار افسوس

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 3 جولائی (اے پی پی) وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے شیخوپورہ کے قریب فاروق آباد کے مقام پر ٹرین حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں سکھ برادری کے ساتھ کھڑے ہیں، وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق اس حادثے کی باضابطہ تحقیقات کے بعد ذمہ داران کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق 3 جولائی 2020 کو صوبہ پنجاب کے ضلع شیخوپورہ کے نزدیک مسافر ٹرین اور بس کے درمیان ہونے والے حادثے کے نتیجے میں تقریباً 22 افراد اپنی جان کی بازی ہار گئے، جن کا تعلق پشاور میں مقیم سکھ برادری سے ہے۔ یہ حادثہ شیخوپورہ سے 14 کلومیٹر دور فاروق آباد میں سچا سودا کے قریب اس وقت پیش آیا جب کراچی سے لاہور جانے والی شاہ حسین ایکسپریس پھاٹک کے پاس ایک مسافر کوسٹر سے ٹکرا گئی، جس میں 30 افراد سوار تھے۔اس افسوس ناک سانحہ کے نتیجے میں لقمہ اجل بننے والے مرحومین کے لئے وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور زخمیوں کو بھی جلد صحت یاب کرے۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں سکھ برادری کے ساتھ کھڑے ہیں اور وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق اس حادثے کی باضابطہ تحقیقات کے بعد ذمہ داران کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔ وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کا کہنا ہے کہ متاثرین کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔








