اسلام آباد ۔ 13 جون (اے پی پی) وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے فرشتہ کے والد اور اہلخانہ سے ملاقات کی اور وزارت داخلہ اور پولیس کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ جمعرات کو وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ فرانزک رپورٹ اور دیگر حقائق جلد منظر عام پر آئیں گے، اسلام آباد پولیس معاملہ کی تہہ تک پہنچے گی اور انصاف کی فراہمی یقینی بنائے گی۔ فرشتہ کے لواحقین نے وزیر داخلہ سے اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دکھ کو سیاسی رنگ دیا گیا، اب ان میں سے کو ئی ہمارے ساتھ نہیں۔ انہوں نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی پر وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔