وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز احمد شاہ کی سربراہی میں کورونا سے متعلق غلط معلومات کے پھیلائو کو روکنے کیلئے 9 رکنی کمیٹی تشکیل

اسلام آباد ۔ 16 جولائی (اے پی پی) وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز احمد شاہ کی سربراہی میں کورونا سے متعلق غلط معلومات کے پھیلائو کو روکنے کیلئے 9 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جبکہ وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ غلط اور غیر تصدیق شدہ معلومات کے چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، تمام ممکن وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ذمہ داران کا سراغ لگایا …

اسلام آباد ۔ 16 جولائی (اے پی پی) وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز احمد شاہ کی سربراہی میں کورونا سے متعلق غلط معلومات کے پھیلائو کو روکنے کیلئے 9 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جبکہ وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ غلط اور غیر تصدیق شدہ معلومات کے چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، تمام ممکن وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ذمہ داران کا سراغ لگایا جائے گا۔ جمعرات کو وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کی سربراہی میںکورونا سے متعلق غلط انفارمیشن کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے کمیٹی تشکیل دی گئی۔ وزیر داخلہ نے کمیٹی کے شرکاء کو ہدایت کی کہ غلط اور غیر تصدیق شدہ معلومات پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے ڈائریکٹر سائبر ونگ ایف آئی اے کو بھی ہدایت کی کہ مانیٹرنگ اور ایکشن کو بروقت بنائیں اور ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی فیک نیوز اور غلط انفارمیشن پھیلانے والے ملک اور عوام دوست نہیں۔ کمیٹی کی تشکیل کا مقصد عوام تک صحیح معلومات کی رسائی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غلط اور غیر تصدیق شدہ خبروں کا پھیلاؤ نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے، ہم تمام ممکن وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ذمہ داران کا پتہ لگائیں گے۔ اعجاز احمد شاہ نے ڈی جی پیمرا کو ہدایت کی کہ الیکٹرانک میڈیا پر اس نوعیت کی خبروں کو مانیٹر کیا جائے اور ان کے پھیلاؤ کو روکا جائے، اس مشکل وقت میں تمام ادارے اور میڈیا اپنا کردار ادا کریں، ہم سب کو مل کر اس وباء کا مقابلہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومتی سطح پر عوام کیلئے دن رات کا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تشکیل کردہ کمیٹی میں کل 9 ارکان شامل ہیں جس کی صدارت وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کریں گے جبکہ ڈاکٹر فیصل سلطان بطور سینئر ممبر شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ وزارت داخلہ، ایف آئی اے، پی ٹی اے، پیمرا اور این سی او سی کے نمائندے کمیٹی کا حصہ ہیں، کمیٹی باقاعدہ طور پر ملے گی اور لائحہ عمل کے مطابق اس غلط انفارمیشن کے پھیلاؤ کو روکنے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔

مزید خبریں