لاڑکانہ۔4فروری (اے پی پی):وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے لاڑکانہ کا دورہ کیا اور بالخصوص کچے ایریاز میں امن اومان کی مجموعی صورتحال اور اس تناظر میں پولیس کی کارکردگی پر ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔اس موقع پر آئی جی سندھ غلام نبی میمن ان کے ساتھ تھے جبکہ ڈی آئی جی لاڑکانہ اور متعلقہ ضلعی ایس ایس پیز لاڑکانہ بھی اجلاس میں شریک تھے۔قبل ازیں وزیر داخلہ اور آئی جی سندھ کی ایس ایس پی آفس لاڑکانہ آمد پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔کچے ایریاز میں امن وامان اور ڈاکوئوں کے خلاف جاری ٹارگٹڈ آپریشن پر دی جانیوالی بریفنگ پر وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ آخری ڈکیت کے رہنے تک آپریشن جاری رہے گا۔
حکومت سندھ اور سندھ پولیس ڈاکوئوں کے خاتمے اور شہریوں کو پرسکون ماحول کی فراہمی کے لئے انتہائی پر عزم اور مستعد ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہائی ویز رابریز کے موثر انسداد اور شاہرائوں کو مسافروں اور مال بردار گاڑیوں کے لئے انتہائی محفوظ بنانے کے لئے ہائی ویز فورس کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے جس کے تحت پچاس ہزار اہل و چاق و چوبند نوجوانوں کو قواعد و ضوابط کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے سندھ پولیس میں ریکروٹمنٹ دی جائے گی۔ہائی ویز فورس کا آغاز جلد کردیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ کی تمام مرکزی شاہراہوں پر قائم چیک پوسٹس، ناکوں اور پکٹس کو موثر پٹرولنگ سے محفوظ بنانے کا منصوبہ ہے جس کا مقصد ڈاکوئوں اور جرائم پیشہ عناصر کی یقینی بیخ کنی اور ان کے گروہوں کا قلع قمع کرنا ہے۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں مزید کہا کہ ہندو برادری کا بھی جمہوریت کی بقاء و سلامتی میں ایک اہم کردار ہے اور ایک شہری ہونے کے ناطے ان کے بھی حقوق برابری کی سطح تک ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ آنے کا مقصد لاڑکانہ میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لینا اور اس امر کا مشاہدہ کرنا تھا کہ پولیس عوام دوست اقدامات کو کس طرح یقینی بنارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی ایس ایس پیز کے پیشہ وارانہ امور و معاملات میں کسی بھی قسم کے دبائو یاسیاسی مداخلت سے آزاد ہیں۔وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ لاڑکانہ پولیس رینج میں پولیس 15 کے بجائے ذوالفقار فورس کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے اور اس ضمن میں لاڑکانہ کے ڈسپوزل پر 50 موٹر سائیکلیں بھی دی جاری ہیں۔
علاوہ ازیں لاڑکانہ کے کچے ایریاز کے اضلاع کو مزید فنڈز کی فراہمی کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت سندھ میں امن و امان کے لیے ہمیشہ سرگرم رہی ہے۔وزیر داخلہ سندھ نے اس موقع پر ڈی آئی جی ناصر آفتاب،ایس ایس پی شکارپور اور کندھ کوٹ کشمور کے لئے ان کی جرات اور بہادری پر پاکستان پولیس میڈل کا اعلان کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ڈاکو اپنے ساتھیوں کی ہلاکت یا گرفتاری پر سخت رد عمل دیتے ہوئے اپنی غیرقانونی سرگرمیاں یا کارروائیاں تیز کردیتے ہیں تاہم پولیس کے بہادر افسران اور جوان بھی ان پر جوابی وار کرتے ہوئے ان کے تمام تر گھنائونے عزائم اور منصوبوں کو دھول چٹانے اور ناکام بنانے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ، شکارپور سے کندھ کوٹ اور سی پیک گھوٹکی پر شب و روز ٹریفک کی روانی بلا تعطل جاری ہے اور یہ جرائم کے خلاف پولیس کی کامیابی کا ثبوت ہے، میں سندھ کی عوام سے کہتا ہوں کہ وہ جرم کے بعد ایف آئی آر کا اندراج ضرور کرائیں، کسی سے ڈرنے یا گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، پولیس آپ کی حفاظت کے لئے پیش پیش ہے اور ہمیشہ رہے گی.