صوبائی وزیر داخلہ و قانون ضیا ء الحسن لنجار نے شہر کے مختلف تھانوں کا اچانک دورہ کیااورپولیس رولز کی خلاف ورزی پر متعدد افسران و اہلکاروںکو معطل کرنے کا حکم دیا
وزیر داخلہ سندھ کا شہر کے مختلف تھانوں کا اچانک دورہ،پولیس رولز کی خلاف ورزی پر متعدد افسران و اہلکار معطل

مزید خبریں
کراچی۔ 11 ستمبر (اے پی پی):صوبائی وزیر داخلہ و قانون ضیا ء الحسن لنجار نے شہر کے مختلف تھانوں کا اچانک دورہ کیا اور پولیس رولز کی خلاف ورزی پر متعدد افسران و اہلکاروںکو معطل کرنے کا حکم دیا۔جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق میئر کراچی مرتضی وہاب بھی وزیر داخلہ سندھ کے ہمراہ تھانوں کے دوروں میں موجود رتھے۔وزیر داخلہ سندھ نے اپنے اچانک دوروں کا آغاز تھانہ فیروز آباد سے کیا، جہاں انہوں نے تھانے کے مختلف شعبوں،حوالات اور دیگر انتظامات کا معائنہ کیااورپولیس کی کارکردگی،افسران و اہلکاروں کی حاضری، یونیفارم میں ڈیوٹی اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر تھانے میں موجود شہریوں سے ان کے مسائل اور پولیس سے متعلق شکایات دریافت کیں اور متعلقہ افسران کو شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے اور انہیں ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ضیاء الحسن لنجار نے حوالات میں زیرِ حراست افراد سے بھی پولیس کے رویے اور انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔انہوں نے تھانوں میں پولیس افسران و اہلکاروں کی حاضری اور یونیفارم میں ڈیوٹی کی انجام دہی کو یقینی بنانے پر سختی سے زور دیتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو اپنی ڈیوٹی یونیفارم میں انجام دینا ہوگی، وردی کے بغیر ڈیوٹی کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ اچانک معائنے کے دوران پولیس رولز کی خلاف ورزی پر تھانہ فیروز آباد کے ایس آئی او کو معطل کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔بعد ازاں وزیر داخلہ سندھ نے تھانہ عزیز بھٹی کا دورہ کیا، جہاں پولیس رولز کی خلاف ورزی پر ایس ایچ او اور دیگر عملے کو معطل کرنے کے احکامات جاری کیے۔وزیر داخلہ سندھ نے تھانہ شاہراہ فیصل کا بھی اچانک معائنہ کیا، جہاں پولیس رولز کی خلاف ورزی پر ایس ایچ او کی معطلی اور تنزلی جبکہ دیگر عملے کو معطل کرنیکے احکامات دیئے ۔اسی طرح تھانہ ڈیفنس کے دورے کے دوران بھی پولیس رولز کی خلاف ورزی پر ایس ایچ او کو معطل کردیاگیا۔علاوہ ازیں تھانہ درخشاں کے دورے کے دوران بھی پولیس رولز کی خلاف ورزی پر ایس آئی او کو معطل اور دیگر 06 اہلکاروں کے خلاف بھی تفصیلات طلبی کے احکامات جاری کیے۔وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ پولیس کا بنیادی فرض عوام کی خدمت،شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور انہیں فوری انصاف کی فراہمی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ پولیس کے رویے میں بہتری اور شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ ہر صورت یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ پولیس کے فرائض کی انجام دہی میں کسی قسم کی غفلت، لاپرواہی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ تھانوں کے نظام میں کسی قسم کی اجارہ داری یا من مانی نہیں چلے گی، چھوٹا منشی ہو یا بڑا منشی، سب کو قانون اور ضابطے کے مطابق کام کرنا ہوگا۔ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ وہ آئندہ بھی تھانوں کے اچانک دورے کریں گے، اس لیے تمام پولیس افسران و اہلکار اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور پولیس رولز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔







