اسلام آباد ۔ 8 اگست (اے پی پی) وزیر داخلہ سید اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ سمگلنگ کی لعنت کی روک تھام کےلئے موثر روابط کے فروغ اور ٹیکنالوجی میں جدت لانا ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر داخلہ نے انسداد سمگلنگ کے طریقہ کار کے حوالے سے منعقدہ تیسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سرحدی انتظام کے طریقہ کار کو مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کمیٹی نے محکمہ کسٹم کو جدید آلات سے لیس کرتے ہوئے سمگلنگ کی روک تھام کے لئے نشاندہی کردہ شعبوں میں اداروں کے مابین ڈیٹا شیئرنگ اوراس کی بنیاد پر انسداد اسمگلنگ کی کاروائیاں انجام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں اسمگلنگ کو کنٹرول کرنے میں مزید موثر اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں وزیر داخلہ نے کہا کہ انسداد سمگلنگ کے لیے محکمہ کسٹم کو جدید ترین ٹولز اور ٹیکنالوجی سے مستحکم کیا جائے اور سمگلنگ سے نمٹنے کے لئے وفاق اور محکموں کے درمیان موثر روابط کو فروغ دیا جائے تا کہ متعلقہ ادارے انسداد سمگلنگ کی پالیسیوں پر عملدرآمد میں اپنا موثر کردار ادا کر سکیں۔